ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جبۃ فتح الشام کا ملٹری کمانڈر حلب میں فضائی حملے میں ہلاک

جبۃ فتح الشام کا ملٹری کمانڈر حلب میں فضائی حملے میں ہلاک

Fri, 09 Sep 2016 15:56:12    S.O. News Service

دمشق،9؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )شام میں فتح الشام محاذ کے ملٹری کمانڈر ابو عمر سراقب کو حلب میں ایک فضائی حملے میں ہلاک کردیا گیا ہے۔ ابو عمر سراقب فتح الشام محاذ جو ماضی میں القاعدہ سے وابستہ اور النصرہ محاذ کے نام سے مشہور رہی ہے، کے جنرل ملٹری کمانڈر تھے۔ انہیں اتحادی فوج کے ایک جنگی طیارے نے حلب میں نشانہ بنایا۔ادھر فتح الشام محاذ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ ایک بیان میں اپنے ملٹری کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ کمانڈر ابو عمر سراقب کو شمالی شام کے حلب شہر میں ایک فضائی حملے میں مارا گیا تاہم اس واقعے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔خیال رہے کہ فتح شام محاذ کو شام میں لڑنے والے انتہا پسند اسلامی عسکری گروپوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ تنظیم شمال مغربی شامی شہر ادلب کے بیشتر حصے پر قابض ہے۔ حالیہ ہفتوں کے دوران فتح الشام محاذ اور اسدی فوج کے درمیان حلب میں گھمسان کی لڑائی ہوتی رہی ہے۔ادھر شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والی شامی رصدگار برائے انسانی حقوق کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم جنگی طیاروں نے حلب میں فتح الشام محاذ کے ایک مرکز کو میزائل حملے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تنظیم کے دو اہم کمانڈر ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان کی شناخت ابو مسلم الشامی اور ابو ھاجر الحمصی المعروف ابو عمر سراقب کے ناموں سے کی گئی ہے۔ دونوں تنظیم کے اہم ترین رہ نما شمار ہوتے ہیں۔خیال رہے کہ مقتول کمانڈر ابو عمر سراقب شام اور عراق میں بھی مشہور جہادی لیڈر کے طور پر مشہور رہ چکے ہیں۔ شامی رصد گاہ کا کہنا ہے کہ فضائی حملے میں فتح شام محاذ کے دو اہم کمانڈروں کی ہلاکت اور کئی جنگجوؤں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔


Share: